بھٹکل 18/مئی (ایس او نیوز) سابق وزیراعظم اور جنتادل (ایس) کے سربراہ دیوے گوڈا کی یوم پیدائش کے موقع پر بھٹکل جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے بنگلور میں اُن سے ملاقات کرتے ہوئے اُنہیں 85 ویں یوم پیدائش پر مبارکباد پیش کی۔ پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے عنایت اللہ شاہ بندری نے دیوے گوڈا سے اُن کی صحت یابی اور درازی عمر کے لئے دُعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ دیوے گوڈا 18 مئی 1933 کو پیدا ہوئے تھے۔ وہ یکم جون 1996 سے 21 اپریل 1997 تک ملک کے وزیراعظم بن کر خدمات انجام دی ہیں، ساتھ ساتھ وہ 1994 سے 1996 تک کرناٹک کے وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔
ریاست کرناٹک میں کانگریس۔جنتادل (ایس) گٹھ بندھن سرکار بننے کی اطلاع ملتے ہی عنایت اللہ شاہ بندری جے ڈی ایس رہنما کماراسوامی سے ملاقات کرنے کے لئے تین روز قبل ہی بنگلور پہنچ گئے تھے، جہاں انہوں نے کانگریس رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سدرامیا سے بھی ملاقات کی۔ عنایت اللہ شاہ بندری کے مطابق انہوں نے سدرامیا سے بھٹکل میں کانگریسی اُمیدوار کی شکست کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی اور بھٹکل کے سیاسی حالات سے اُنہیں آگاہ کرایا۔
عنایت اللہ شاہ بندری کو اُمید ہے کہ کل سنیچر کو وزیر اعلیٰ یڈی یورپا اپنی اکثریت ثابت کرنے میں ناکام ہوجائیں گے، جس کے بعد کماراسوامی کا وزیراعلیٰ بننا طے ہے۔